2018کی ٹیکس ایمنسٹی سکیم،115افراد نے غیر ملکی اکاونٹس، اثاثے قانونی بنا لئے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایا گیا ہے کہ 115افراد نے 2018کی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت اپنے غیر ملکی بینک اکاونٹس اور غیر ملکی اثاثے قانونی بنا لئے ہیں، کمیٹی نے ماربل انڈسٹری پر بھاری ٹیکسوں کے بارے میں ایف بی آر سے جواب طلب لر لیا ۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ زراعت میں ریسرچ کے لئے ایک ارب روپے دئے جائیں گے ،آئندہ اجلاس میں ایف بی آر سے سوس بینکوں، اور دیگر ممالک میں پاکستانیوں کے بینک اکاونٹس اور جائیدادوں کی موصولہ معلومات اور ان پر اب تک ہونے والی تحقیقات کے نتائج کی تفصیلات طلب کر لی ہیں ۔اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور چیف انٹرنیشنل ٹیکسسز اشفاق احمد نے آرگنایزیشن فار اکنامک ڈیویلپمنٹ اینڈ کواپریشن ( او ای سی ڈی) کے ساتھ معاہدے کے تحت 28ممالک سے دستیاب معلومات کی تفصیلات کمیٹی کے سامنے پیش کیں اور بتایا کہ1لاکھ52ہزارپاکستانی امراء کے اثاثہ جات اور بینک اکاونٹس کی تفصیلات مل گئی ہیں اور31دسمبر تک پاکستان کو80ممالک سے پاکستانی امراء کے اثاثہ جات اور ان کے بینک اکاونٹس کی معلومات دستیاب ہو جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ جن 28ممالک سے معلومات دستیاب ہوئی ہیں ان میں 378پاکستانی امراء کے بیرون ملک بینک اکاونٹس میں10لاکھ یا اس سے زائد ڈالر یا اس مالیت کے مساوی زرمبادلہ موجود ہے 123پاکستانی امراے کے بینک اکاونٹس میں 7لاکھ 50ہزار ڈالر سے زائد اور10لاکھ ڈالر تک کی رقم موجود ہے 154ایسے پاکستانی امراء ہیں جن کے بینک اکاونٹس میں 50ہزار سے75ہزار ڈالر کی رقم موجود ہے 11201بینک اکاونٹس میں10ہزارڈالر سے لیکر1لاکھ ڈالر موجود ہیں اور7408 بینک اکاونٹس میں1ہزار ڈالر سے10ہزار ڈالر موجود ہیں360اکاونٹس میں 100ڈالر سے زائد رقم موجود ہے جبکہ73نے2019کی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت اپنے اثاثے قانونی بنا لئے ہیں 19کیس نمٹا دئے گئے ہیں اور اب نظرثانی شدہ انکم ٹیکس گوشوارے اور نظرثانی شدہ ویلتھ سٹیٹمنٹ داخل کروانے کی آخری تاریخ9اگست بروز جمعہ ہے اور عید کے بعد مذید جائزہ لیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے اب تک41ممالک کو ان کے باشندوں کے پاکستان میں اثاثہ جات اور ان کے بینک اکاونٹس اور ان کی دیگر معلومات ان کے ممالک کو ارسال کر دی ہیں اور31دسمبر تک پاکستان کو 80ممالک کی جانب سے پاکستانی امراء کے دیگر اثاثہ جات اور بینک اکاونٹس کی معلومات ملنا شروع ہو جائیں گی جس سے غیر ممالک میں پاکستانی دولت منتقل کرنے والوں سے تحقیقات کا عمل تیز ہو جائے گا انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے اسرائل سے معلومات کے تبادلہ سے معذوری ظاہر کر دی ہے ، ایف بی آر نے متحدہ عرب امارات کے حکام سے مذاکرات شروع کر دئے ہیں ۔اجلاس میں مسابقت کمشن کی طرف سے بتایا گیا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن آٹے کی قیمت کومقرر کرنے میں ملوث ہے جو قانون کی خلاف ورزی ہے ،کمیٹی نے شوگر اور فلور مین کارٹل بننے تشویش ظاہر کی ۔

ای پیپر دی نیشن