بھارتی ائیر فورس کاایس یو-30 طیارہ زمین بوس،پائلٹ زخمی

بھارتی ائر فورس کا تربیتی طیارہ جمعرات کے روز آسام کے علاقے تیز پور کے مقام پر گر کر تباہ ہوگیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایس یو-30 طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا جب حادثہ پیش آیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جہاز میں موجود دونوں پائیلٹس کو معمولی چوٹیں آئی ہیں تاہم وہ محفوظ رہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پایا گیا۔طیارہ گرنے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی لیکن واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔یاد رہے رواں سال 8مارچ کو بھی بھارتی ریاست راجھستان میں بھارتی لڑاکا طیارہ مگ 21 گر کر تباہ ہوگیا تھا۔بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان نے بھی تصدیق کی ہے کہ مگ21 معمول کی تربیتی مشق کے دوران بیکانیر کے قریب گر کر تباہ ہوا۔رواں برس بھارت کے لگ بھگ 11 طیارے گر کر تباہ ہو گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اربوں مالیت کے طیاروں میں سے چار فنی خرابیوں کے باعث، دو آپس میں ہی ٹکرانے سے تباہ ہوئے جبکہ دوپاکستانی فضائیہ نے مار گرائے تھے۔یکم فروری 2019 کو بھارتی طیارہ میراج فنی خرابی کے باعث زمین بوس ہوگیا جب کے کچھ روز بعد 12 فروری کو بھارت کا مگ 27 تکنیکی خرابی سے گر کر تباہ ہوا۔ 19 فروری کو دو بے ہاک طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوئے جبکہ 27 فروری کو ایک طیارہ بڈگام میں زمین بوس ہوگیا۔پاکستان نے سرحدی خلاف ورزی پر 27 فروری کو بھارت کے جنگی طیارے مگ 21 اور ایس کیو 30 کو مار گرایا تھا اور گزشتہ ماہ کے آخر میں ایک جنگی طیارہ بھی فنی خرابی کے باعث گر گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن