شورکوٹ‘ گوجرہ‘ نوشہرہ ورکاں‘ شورکوٹ چھاؤنی (نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) مختلف شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ سے صارفین کی زندگی اجیرن ہو گئی۔ کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث کاروبار بھی تباہ ہو کر رہ گئے۔ گوجرہ‘ نوشہرہ ور کاں‘ شورکوٹ اور دیگر علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگوں کی رات کی نیندیں بھی برباد ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گوجرہ شہر و گردونواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے سے تجا وز کرگیا شہری شدید گرمی میں بلبلا اٹھے۔ فیسکو کی طرف سے کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار زندگی متا ثر ہو گیا۔ تاجر شدید پریشا نی میں مبتلا ہو گئے۔ نوشہرہ ورکاں میں گیپکو کا سٹی اور گردونواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دن بدن بڑھتا ہی جا رہا ہے جس سے دن کا کاروبار اور رات کا سکون تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ گرمی اور حبس کی شدت کے باعث عوام گھروں میں آرام کرنے کی بجائے گلیوں اور بازاروں میں بیٹھنے پر مجبور ہیں۔ شورکوٹ کے علاقہ بستی چاہ پیپل والا دوراں پور روڈ پر گزشتہ چار روز سے بجلی غائب ہے۔ آندھی کے باعث بجلی کے پول گرنے کی وجہ سے علاقہ میں بجلی کی سپلائی معطل ہوئی تھی علاقہ مکینوں کو کہنا ہے فیسکو حکام کو بار بار آگاہ کرنے کے باجود تاحا ل بجلی کی سپلائی بحال نہ کی جاسکی جبکہ شورکوٹ شہر اور مضافات میں فیسکو حکام کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کر نا پڑتا ہے۔ اسی طرح شورکوٹ چھاؤنی سے نامہ نگار کے مطابق کینٹ ایریا اور گردونواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا جس سے کاروباری افراد اور شہری پریشان ہیں۔