لاہور (کامرس ڈیسک )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ کاروباری ہفتے زبردست تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 700پوائنٹس کے اضافے سے 40ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں بھی129ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 74کھرب روپے سے تجاوز کر گیا کاروباری سرگرمیوں میںاضافے کی وجہ سے 53فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا اور3روز کی تیزی میں انڈیکس 1201.67پوائنٹس بڑھ گیا تاہم 2 روز کی مندی میں انڈیکس 430.42پوائنٹس لوز کر گیا تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ تیزی کی جانب گامزن رہی۔ گذشہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس40467.09پوائنٹس کی بلند سطح کو چھوگیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس39258.44پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ24ارب روپے مالیت کی82کروڑ68لاکھ8ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم22ارب روپے مالیت کی50کروڑ19لاکھ45ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔