ڈسکہ + ملتان + فیصل آباد + مانسہرہ (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) فیصل آباد‘ بالاکوٹ‘ ملتان اور مانسہرہ میں ٹریفک حادثات کے دوران 11 افراد جاں بحق جبکہ 7 سے زائد زخمی ہوگئے۔ فیصل آباد اور گردونواح میں ٹریفک حادثات کے دوران 4 افراد جاں بحق‘ دو خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ سمندری روڈ روشن والا بائی پاس پر ریس لگاتے ہوئے دو موٹر سائیکل ٹکرانے سے 45 سالہ سرور بی بی اور اشفاق، 49 سالہ رضا سڑک پر گر پڑے تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے رضا کو کچل دیا جو موقع پر چل بسا۔ ایک اور حادثہ نڑوالاروڈ اڈا اچکیرہ کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار موٹرسائیکلیں ٹکرانے سے 55 سالہ نصیر علی اس کی 45 سالہ اہلیہ سروہ بی بی، 24 سالہ انیلہ قمر، 20 سالہ امداد حسین اور 24 سالہ فیضان زخمی ہو گئے۔ نصیر علی موقع پر دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں ٹریفک حادثات میں زخمی ہو کر الائیڈ ہسپتال لائے جانیوالا 252 گ ب کا 26 سالہ محمد عمیر ولد خوشنود اور 272 ج ب کا 20 سالہ اللہ دتہ ولد عطا محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ ناران کاغان سیر کیلئے جانیوالے ڈسکہ کے 2 نوجوان جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔ ڈسکہ کا معیض‘ وہاب ‘ عثمان ‘ فیصل اور زوہیب ناران کاغان سیر کیلئے جا رہے تھے کہ بالا کوٹ کے قریب ان کی گاڑی کھائی میں گر گئی جس کے نتیجہ میں معیض اور وہاب موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ عثمان‘ فیصل اور زوہیب شدید زخمی ہوگئے۔ راولپنڈی سے گلگت جانے والاآئل ٹینکرکوہستان میں حادثے کا شکارہو گیا جس کے نتیجے میں دو افرادجاں بحق ہو گئے جبکہ ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ راولپنڈی سے گلگت جانے والا آئل ٹینکر لوئرکوہستان تھانہ دوبیر کی حدودشولگرہ بنکڈ کے مقام پر الٹ گیا۔جس کوفوری آگ لگ گئی۔جس کے نتیجے میں کنڈیکٹر ضیاول ولد صادق سکنہ رانولیا اور ایک نامعلوم شخص جاں بحق ہوگئے جبکہ آئل ٹینکر کا ڈرائیور زاہد ولد روشن سکنہ رانولیا شدید زخمی ہوگیا۔ ملتان میں تیز رفتار ایمبولینس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں تیز رفتار ایمبولینس میت کو لے جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث مقیم پور کے نزدیک ٹرک سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں ایمبولینس میں سوار 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے اور 4 افراد زخمی ہوئے۔