کنٹرول لائن: بھارت کی بلااشتعال شیلنگ ، خاتون شہید، 9زخمی، پاک فوج کی جوابی کاروائی

تتہ پانی‘ مظفر آباد (نامہ نگار‘ این این آئی) بھارت کی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے جڑے آزاد کشمیر کے دو اضلاع میں بلااشتعال شدید شیلنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور دیگر 9 افراد زخمی ہوگئے۔پاک فوج نے دشمن کی شہری آبادی پر گولہ باری کا بھرپور جواب دیا جس کے بعد دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں۔ انتظامیہ کے مطابق بھارتی فوج نے وادی لیپا کے مختلف دیہات پر صبح 4 بجے سے ہی شیلنگ شروع کردی تھی، جس میں مارٹر گولوں اور آرٹلری کا استعمال کیا گیا۔ انہوںنے بتایاکہ ریشیان میں شیلنگ سے پولیس کانسٹیبل معصوم پیرزادہ کی 37 سالہ اہلیہ عطیہ بی بی شہید ہوگئیں اور دیگر دو خواتین 40 سالہ آمنہ بی بی اور 18 سالہ عائشہ عزیز زخمی ہوئیں۔ ریشیان کے رہائشی غلام رسول نے بتایا کہ ہمارے گاؤں میں تقریباً دو دہائیوں بعد شیلنگ ہوئی ہے۔ ڈاکٹر منظور کا کہنا تھا کہ وادی لیپا میں شیلنگ کے بعد مواصلاتی نظام مکمل طور پر درہم برہم ہوگیا ہے اور ریاست کے دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ وادی لیپا کے دیگر گاؤں میں شیلنگ کے باعث زخمی ہونے والے افراد کی شناخت 22 سالہ قمر عالم، 25 سالہ واجد فرید، 6 سالہ ایمن، 55 سالہ زلیخہ اور34 سالہ شہزاد خلیل کے نام سے ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی شیلنگ سے لیپا کے گاؤں نوکاٹ میں گھر اور ان سے منسلک دکانیں، پرائمری سکول اور کیسر کوٹ میں قائم محکمہ زراعت کے دفتر کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ شہادتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ بھارتی فوج کی شیلنگ سے پنجکوٹ کے علاقے کائی بان میں بھی 2 شہری زخمی ہوئے۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی فوج کی وحشت روزانہ کی بنیاد پر ایل او سی سے ملحق آزاد کشمیر کے علاقوں میں معصوم شہریوں کی جانیں لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ درندے معصوم اور غیر مسلح شہریوں کی اموات اور زخموں سے خوش ہوتے ہیں، اقوام متحدہ اور عالمی برادری مزید وقت ضائع کیے بغیر نوٹس لے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...