اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ اے پی پی) چیئرمین سی پیک عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ مٹیاری سے لاہور 660 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن پر کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔ 4 ہزار میگاواٹ بجلی کی ترسیل ممکن ہو گی۔ چیئرمین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن سے متعلق کہا کہ 660 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن پر 85 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ نارتھ ساؤتھ ترسیل کیلئے ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن 886 کلو میٹر طویل ہے جس سے 4 ہزار میگاواٹ بجلی کی ترسیل ممکن ہو گی۔ عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ منصوبے پر مجموعی طور پر ایک اعشاریہ 6 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی جس سے 2 ہزار 212 افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ جنوبی شمالی ترسیل کی ایچ وی ڈی سی ٹرانسمشن لائن 886 کلو میٹر طویل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسمشن لائن کی تکمیل سے ایک بڑا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے ، سی پیک ترقی کر رہا ہے اور پاکستان ترقی کر رہا ہے۔ حکومت نے سی پیک منصوبے کے تحت ہاؤسنگ ڈویژن کے منصوبوں کے لئے رواں مالی سال میں 473.55 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ وزارت ہاؤسنگ وتعمیرات کے حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے سی پیک منصوبے کے تحت قانون نافذ کرنے والے ادارے انٹیلی جنس بیورو کے دفاترسمیت گوادر، خضدار، تربت، مانسہرہ اور گلگت میں تعمیر کے لیے رواں مالی سال میں 473.55 ملین روپے مختص کیے ہیں تاکہ سی پیک منصوبے کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جا سکیں جبکہ سوات مینگورہ سنٹرل ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کے لئے بھی 50 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ہاؤسنگ وتعمیرات کے ایک اور منصوبے کوئٹہ میں گرلز کالج کی تعمیر کے لیے 400 ملین روپے مختص کئے گئے۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ خضدار سے لبمہ 110 کلومیٹر سڑک پر کام جاری ہے این 30 شاہراہ کی تعمیر پر 19 ارب روپے لاگ آئے گی شاہراہ کا 20 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے یہ شاراہ خضدار کو این 85 سے منسلک کرے گی منصوبے کی 2021ء میں تکمیل سے گوادر تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔
سی پیک منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے: عاصم باجوہ
Aug 09, 2020