کراچی (اسپورٹس رپورٹر)مانچسٹر ٹیسٹ سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد میزبان ٹیم انگلینڈ نے 3وکٹس سے جیت لیا اور سریز میں 1-0سے برتری حاصل کر لی۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 169 رنز پر آؤٹ ہو گئی جس کے بعد انگلینڈ کو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے277 رنز درکار ہیں۔جسے انگلش ٹیم نے سات وکٹوں پر پورا کر کے میچ میں کامیابی حاصل کی ۔ انگلینڈ کی جانب سے جوئے بٹلر نے ناٹ آئوٹ 84رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی جب کہ ووکس 75رنز بنا کر آئوٹ ہوئے دونوں نے شاندار بیٹنگ کی اور 139رنز کی پارٹنر شپ بنا کر جیت میں مرکزی کردار ادا کیا ۔اس سے قبل 117کے مجموعی سکور پرانگلینڈ کے پانچ کھلاڑی آئوٹ ہو گئے تھے اور پاکستان کی جیت کے نمایاں اثار تھے تاہم دونوں بلے بازوں نے شاندار پارٹنر شپ قائم کی اور پاکستان کی جیت کے اثار معدوم کر دئیے ۔پاکستان نے چوتھے دن کھیل کا آغاز 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز سے کیا اور آخری دو وکٹوں نے 32 قیمتی رنز جوڑے۔دن کے آغاز میں ہی یاسر شاہ نے جارحانہ اننگز کھیلی لیکن 158 رنز کے مجموعے پر وہ 33 قیمتی رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہو گئے۔ نسیم شاہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد عباس 3 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں اسیورٹ براڈ نے تین، کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوفرا آرچر اور ڈوم بیس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔مانچسٹر ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم نے شان مسعود کے شاندار 156 رنز اور بابراعظم کے 69 رنز کی بدولت 326 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 219 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور اس طرح پاکستان کو انگلینڈ پر پہلی اننگز میں 107 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی تھی۔