لاہور، فیروز والا‘ڈیرہ اسماعیل خان(نامہ نگار) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لاہور میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا اور فیروز والہ میں ایک گھر میں چھپے تین دہشت گردوں کو مقابلے میں ہلاک کردیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی لاہورنے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فیروز والہ کے علاقے گلشن بابر میں دوران کارروائی ایک کرائے کے گھر میں مقیم تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ تحریک طالبان پاکستان/جے یو اے سے تعلق رکھنے والے تینوں دہشت گرد احسان اللہ، نعمت اللہ اور عبدالسلام افغان شہری تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ایک خود کش جیکٹ، تین ہینڈ گرینیڈ، دوکلاشنکوف، دو پسٹل، دھماکہ خیز بارودی مواد اور افغان شناختی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی لاہور میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد فوج ، پولیس حساس تنصیبات ،اہم شخصیات اور شیعہ کمیونٹی کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس لاہور نے کالا شاہ کاکو کے قریب چھاپہ مارا اور دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا۔ پولیس کو اطلاع ملی کالا شاہ کاکو کے قریب چک نمبر 37 میں دہشت گردوں کا گروپ موجود ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان سے نا مہ نگارکے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان زکوڈی قبرستان کے قریب توصیف آباد میں پولیس اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ انٹیلیجنس انفارمیشن کی بنیاد پر آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان گنڈہ پور گروپ کلاچی کا اہم کمانڈر شیخ وقاص عرف خالد ماراگیادہشتگرد کمانڈر شیخ وقاص عرف خالد سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہا اور اس کے سر کی قیمت گورنمنٹ نے تیس لاکھ مقرر کر رکھی تھی ۔دہشتگرد ڈی آئی خان میں محرم الحرام کے دوران دہشتگردانہ کاروائی کرنا چاہتا تھا۔
فیروز والا: سی ٹی ڈی چھاپہ،3افغان دہشتگرد ہلاک ، لاہور تباہی سے بچ گیا
Aug 09, 2021