دہشتگردی: مودی کا نام لیتے کیوں شرماتے ہیں‘ فواد چودھری کا بلاول کو جواب 

Aug 09, 2021

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے بلاول بھٹو زرداری کے ٹویٹ پر ردعمل میں سوال کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے سپانسرز کا کیا ہوگا؟۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب پاکستان میں دہشت گردی کو سپانسر کرنے کی مذمت کی بات آئے تو مودی حکومت کا نام لیتے ہوئے آپ کیوں شرماتے ہیں؟۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ این سی او سی نے اپنے قیام سے لے کر اب تک کرونا وباء سے نمٹنے کے لئے سائنسی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلے کئے۔ اتوار کو این سی او سی کے 500 دن مکمل ہونے پر اپنے مبارکباد کے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج این سی او سی کی کاوشوں کی بدولت پاکستان کرونا کی چوتھی لہر کا کامیابی سے مقابلہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں مکمل لاک ڈائون کر دیا جاتا تو اس کے بھیانک نتائج مرتب ہو سکتے تھے۔ این سی او سی کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 

مزیدخبریں