مذ ہبی رواداری کے فروغ میں علماء کا کردار لائق تحسین:عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، مشائخ عظام اور علمی و دینی شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام اور مشائخ عظام نے ہمیشہ ہر موقع پر قوم کی رہنمائی کی ہے۔ پاکستان میں بھائی چارے، یکجہتی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں علماء کرام کا کردار لائق تحسین ہے۔ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں علماء کرام کا کردار لائق تحسین‘ فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی آپ نے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کی ہیں۔  حکومت علماء  کرام کی خدمات کی قدر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ہے، اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہوکر وطن کا قرض اتار سکتے ہیں۔ سب کو ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرنا چاہئے۔ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور پرامن فضا کو یقینی بنانے کیلئے سب کو مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخوت و بھائی چارے اور رواداری کی فضا قائم کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، پیر سید سعید الحسن شاہ، وزیراعظم کے خصوصی نمائندے برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی، پارلیمانی سیکرٹری اوقاف تیمور علی لالی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد، پیر سید ناظم حسین شاہ، مولانا محمد راغب حسین نعیمی، سید یاور عباس بخاری، علامہ کرامت عباس حیدری، علامہ حافظ زبیر احمد ظہیر، ابو حفص محمد غیاث الدین، پیر رضا محی الدین، سیکرٹری اوقاف، ڈی جی اوقاف اور علماء کرام و مشائخ عظام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب ،محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام و مشائخ و عظام کے اجلاس کے بعد اتفاق رائے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وطن عزیز کے معروضی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ علماء کرام اور مذہبی و دینی شخصیات قومی یکجہتی، ملکی استحکام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مجموعی امن و امان کے لئے ہمیشہ کی طرح اپنا اساسی اور کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومت پنجاب کی وساطت سے قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ محراب و منبر دفاع وطن اور قومی سلامتی کے تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ ہم ضرورت پڑنے پر پوری قوم کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد و متفق کھڑے ہوں گے۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مکاتب فکر کے علمائ/ خطباء اور ذاکرین اپنے خطبات میں میانہ روی اور مثبت رویہ اختیار کریں گے تاکہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا نہ ہو۔ علماء کرام اپنے خطبوں میں رواداری، انسان دوستی اور اتحاد امت پر بھی خصوصی زور دیں گے اور باہمی افتراق سے مکمل احتراز کریں گے۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے اور بالخصوص کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سی تونسہ اور کوہ سلیمان کے عوامی نمائندوں، عمائدین اور معززین نے ملاقات کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے شرکاء کا فردا فردا ہر نشست پر جا کر حال و احوال دریافت کیا۔4گھنٹے طویل ملاقات میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے عوامی مسائل سنے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے پسماندہ علاقے کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے افسران کو فوری طور پر طلب کیا اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سمیت پسماندہ علاقوں کا وکیل اور نمائندہ ہوں۔ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے ذریعے پسماندہ علاقوں کی قسمت بدل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہمہ وقت حاضر ہوں۔ سینکڑوں میل فاصلہ طے کر کے ملاقات کے لئے آنے پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی سیاست ہو گی اور وطن عزیز میں ذاتی مفادات کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...