لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جس طرح وزیراعظم عمران خان کی بہتر پالیسیوں کی بدولت پاکستان نے کرونا کے خلاف واضح کامیابیاں حاصل کیں، اسی طرح سیاست میں عشروں سے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے والے سیاسی کرونا سے بھی عوام کو بچایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ میں بلاول زرداری کے گھسے پٹے نعرے اور طفل تسلیاں بے کار ہیں، کیونکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی دہائیوں کی حکومت کا نتیجہ عوام کے سامنے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی گزشتہ تین سال کی عوامی خدمت اور مثالی کارکردگی کی بدولت ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وبا کے باعث معاشی اور انتظامی بد حالی دیکھنے میں آئی لیکن پاکستان میں این سی او سی نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نہ صرف اس وبا کا بطریق احسن سامنا کیا بلکہ سمارٹ لاک ڈاؤن اور دیگر دانشمندانہ پالیسیوں کے سبب لاکھوں خاندانوں کا چولہا جلائے رکھنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔