کرونا : 68 اموات ، راولپنڈی ، اسلام آباد میں وائرس شدید ، سندھ تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ 

Aug 09, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار‘ آئی این پی‘ اے پی پی) کرونا کی چوتھی لہر مزید 68  افراد کی جان لے گئی۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں چار ہزار455  نئے مریض سامنے آئے۔ مہلک وائرس سے 10  لاکھ 67  ہزار 580  شہری متاثر ہیں۔  مجموعی اموات کی تعداد 23ہزار 865  ہو گئی۔ ملک میں مثبت کیسز کی شرح 8اعشاریہ صفر نو ریکارڈ کی گئی۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 82ہزار 76تک پہنچ گئی، مجموعی کیسز کی تعداد 10لاکھ 67ہزار 580 ہو گئی۔ مثبت کیسز میں بھی اضافہ ہونے لگا۔ 4ہزار 455  نئے مریض سامنے آئے۔ اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ملکی سطح پر بنائی گئی خصوصی ٹیم این سی او سی کے 500 دن مکمل ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ این سی او سی نے کرونا  وائرس کا مقابلہ کرنے پر دستاویزی فلم بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزی فلم میں قوم کی جانب سے کرونا  وائرس کا مقابلہ کرنے سے متعلق تمام پہلو اجاگر کئے گئے ہیں۔ پی آئی اے کی پرواز چین سے کرونا ویکسین کی ایک اور کھیپ لیکر اسلام آباد پہنچ گئی۔ پاکستان نے 20 لاکھ سائنو فارم خوراکیں چینی کمپنی سے خریدی ہیں۔ اسلام آباد میں ایک مرتبہ پھر کرونا مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔ پاکستان میں 12 کروڑ 58 لاکھ 53 ہزار 762 شہری کرونا ویکسی نیشن کے لیے اہل ہیں ۔ کرونا ویکسی نیشن سے متعلق اہم اعداد و شمار  کے مطابق ملک کی کل آبادی 22 کروڑ 85 لاکھ 67 ہزار 704 ہے جس میں سے 12 کروڑ 58 لاکھ 53 ہزار 762 شہری کرونا ویکسی نیشن کے لیے اہل ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں میں کرونا وباء کی چوتھی لہر شدت اختیار کر گئی۔ اسلام آباد میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 10.01 فیصد جبکہ راولپنڈی میں 13.15 فیصد تک جا پہنچی  ہے۔ سندھ میں تعلیمی ادارے 19 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں بھی کرونا نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے جہاں کرونا پازٹیو شرح 13.15 فیصد تک جاپہنچی ہے۔ این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں اب تک 90 ہزار سے زائد افراد کرونا کا شکار ہوچکے ہیں، جن میں سے 814 زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ دوسری جانب کراچی میں وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر وزیر اسمٰعیل راہو کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام تعلیمی بورڈز کے امتحانات شروع ہوجائیں گے اور 9 اگست کو ہونے والے پرچے کی نئی تاریخ جاری کی جائے گی۔ امتحانات کا سلسلہ دس اگست سے شروع ہو گا۔ صوبے میں کاروباری سرگرمیاں کل سے بحال‘ مارکیٹیں اور بازار رات آٹھ بجے تک کھلے رکھنے کی تجویز ہے‘ ریسٹورنٹس‘ ہوٹلز میں آؤٹ ڈور سروس کی اجازت ہو گی۔ تمام کاروباری مراکز رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے۔ این سی او سی اور حکومت سندھ کے مشترکہ اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے تحت کرونا لاک ڈائون میں نرمی کا اعلان کردیا گیا ہے، سندھ بھر میں 31  اگست تک کرونا ایس او پیز کے تحت بعض پابندیاں برقرار رہیں گی۔ دودھ‘ ادویات‘ پٹرول پمپ، سبزی گوشت کی دکانوں پر اوقات کار کی پابندی نہیں ہوگی جبکہ  ہفتے میں دو دن جمعہ اور اتوار سیف ڈیز کے موقع پر کاروبار بند رہے گا۔ کرونا ویکسینیشن سے متعلق وزارت صحت حکام نے رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق پاکستان کی 10 فیصد آبادی کی کرونا ویکسینیشن مکمل ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ 1کروڑ 25لاکھ ساڑھے 9ہزار سے زائد شہریوں کی ویکسین کی 2 ڈوز مکمل ہوچکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی آبادی 22 کروڑ85 لاکھ ساڑھے 67 ہزار سے زائد ہے، کل آبادی میں سے تقریبا 12 کروڑ 58 لاکھ  53ہزار 7 سو شہریوں کی ویکسینیشن ہونی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ویکسینیشن کی اہل آبادی کی تعداد 6 کروڑ  67 لاکھ 93 ہزار سے زائد ہے، اب تک پنجاب کے 55 لاکھ 47 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن ہو سکی ہے۔

مزیدخبریں