کراچی (اے پی پی)پی ٹی آئی کے رہنما وسربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے ٹوکیو اولمپیکس میں جیولن تھرو میں پاکستان کھلاڑی ارشد ندیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہار یا جیت کسی بھی کھیل کا حصہ ہوتی ہے لیکن اصل کھلاڑی وہی ہے جو اپنی کارکردگی سے قوم کا دل جیت لیتا ہے، ارشد ندیم جیسے نوجوانوں کی حکومتی سطح پر سرپرستی ہوتو وہ پوری دنیا میں کھیل کے میدانوں میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں ، اپنی شاندار کاکردگی سے ارشد ندیم نے قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے اتوار کو جاری کردہ اپنے بیان میں کیا۔ حنید لاکھانی نے کہا کہ کھیلوں کو نظر انداز کرنے کی بجائے اس پر بھرپور توجہ دینی چاہیے، کھیلوں میں زبوں حالی اور نوجوانوں کو ٹیلنٹ کے باوجود آگے بڑھنے کے مواقع نہ دینے والی قو میں ہمیشہ پیچھے رہ جاتی ہیں، گزشتہ حکومتوں نے کھیلوں کے فروغ کی بجائے مال بنانے پر توجہ دی، وفاقی حکومت گائوں دیہاتوں سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ تلاش کرنے پرتوجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے وفاقی حکومت اقدامات کر رہی ہے، بہت جلد پاکستان ہر قسم کے کھیل کے میدان میں کامیابیاں سمیٹے گا ، ماضی کی حکومتوں کی عدم توجہ کی وجہ سے کھیل کے میدان تباہ ہوئے ، سندھ میں تو کھیل کے میدانوں پر لینڈ مافیا نے قبضے کیے ہوئے ہیں ،ا بھی کچھ روز قبل ہی وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گلشن اقبال کراچی میں کھیل کے گرائونڈ سے قبضہ مافیا کا قبضہ ختم کروایا ہے، سندھ حکومت کھیل کے میدانوں پر قبضے کروا رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت ان قبضوں کو ختم کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پا کستان تحریک انصاف چاہتی ہے کہ ملک کے کونے کونے میں بچوں کو کھیل کے میدان اور کھیلوں کے یکساں مواقع میسر ہوں ، ہماری قوم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے صرف رہنمائی ، اچھی کوچنگ اور مواقع کی ضرورت ہے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کھیلوں کے فروغ پر باقاعدہ پالیسی بناتے ہیں اور اپنے کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کرتے ہیں جس سے ان کی پرفارمنس میں روزانہ کی بنیادوں پر بہتری آتی ہے اور وہ اپنے ملکوں کے نام روشن کرتے ہیں۔ حنیدلاکھانی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات اور شہروں سے لیکر چھوٹے گائوں دیہاتوں کے کھلاڑیوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں جس سے مستقبل میں نمایاں اور شاندار نتاج مرتب ہوں گے اورپاکستان کھیل کے میدانوں میں ورلڈ ریکارڈ قائم کریگا۔
ہار یا جیت کھیل کا حصہ ، اصل کھلاڑی وہ جوقوم کا دل جیت لے ، حنید لاکھانی
Aug 09, 2021