چین کے جنوب مغربی صوبہ یون نان میں گھومنے والے 14جنگلی ایشیائی ہاتھیوں کا ریوڑ اپنے روایتی مسکن کی جا نب رواں دواں ہے۔ان کی ہجرت کی نگرانی کرنے والے انچارج صدرمقام کے مطابق اتوار کو رات تقریبا8 بجے ریوڑ نے مصنوعی رہنمائی کے ساتھ دریائے یوآن جیانگ عبور کیا۔صدرمقام کے مطابق برسات والے موسم میں پانی کی سطح بلند ہے اس لئے ریوڑ دریائے یوآن جیانگ کو مدد کے بغیر عبور نہیں کر سکتا تھا ،ریوڑ کے واپس جاتے ہوئے ان کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے مزیدکوششیں کی جائیں گی۔ریوڑ کو یون نان کی شی شوآنگ بانا تائی خوداختیار پریفیکچر کی قدرتی پناہ گاہ میں اپنے اصلی مسکن کو چھوڑے ہوئے تقریبا17ماہ گزر گئے ہیں۔جنگلی ایشیائی ہاتھی برسات والے جنگل میں ایک بڑی نسل ہیں جنہیں چین میں اے سطح کا ریاستی تحفظ حاصل ہے، ماحولیاتی اور جنگلی حیات کے تحفظ کی بہترین کوششوں کی بدولت اس کی ملک میں آبادی تقریبا 300 تک بڑھ گئی ہے جوکہ زیادہ تر صوبہ یون نان میں پھیلے ہوئے ہیں۔