جاپان کے شہر ناگاساکی پر امریکی ایٹمی حملے کو 76 سال مکمل

جاپان کے شہر ناگاساکی پر دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکی ایٹمی حملے کو 76 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں حملے میں زندہ بچ جانے والے افراد اور غیرملکی شخصیات نے شرکت کی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ تاہم کورونا وائرس کی وبا کے باعث تقریب میں انتہائی کم تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے شہر ناگاساکی میں9 اگست 1945 کو ہونے والے ایٹمی بم حملے میں کم از کم 74 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ امریکا کی طرف سے یہ جوہری بم دھماکہ6 اگست کو ہیروشیما شہر پرکیے جانے والے جوہری بم دھماکوں کے 3 روز بعد کیا گیا جس میں تقریبا ایک لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ناگاساکی کے میئر تومی ہیساتاﺅی نےعالمی برادری پر جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے نئے معاہدے پر کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی رہنماﺅں کو جوہری ہتھیاروں میں کمی اور مذاکرات کےذریعے اعتماد قائم کرنے کی ضرورت ہے اور شہری تنظیمیں اس حوالے سے ان پر زور دیں۔

ای پیپر دی نیشن