بین المسالک ہم آہنگی،سی سی پی او کی زیر قیادت امن کارواں 

Aug 09, 2022

لاہور(نامہ نگار)محرم الحرام میں بین المسالک ہم آہنگی،بھائی چارے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لئے سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر کی قیادت میں شہر میں امن کارواں نکالا گیا۔کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان،امن کمیٹی کے ارکان، مختلف مکتبہ ہائے فکر کے علماء کرام و مشائخ عظام اور سینئر پولیس افسران نے امن کارواں میں شرکت کی۔دو کوسٹرز پر مشتمل امن کارواں کا آغاز ٹاؤن ہال سے ہوا۔امن کارواں مال روڈ سے ہو تا ہوا سیکرٹریٹ چوک،پرانی انارکلی، بابا گراؤنڈ ،بلاک سیداں اسلام پورہ،صدر بازار،امام بارگاہ گلشن زہرہ وحدت روڈ اور دیگر علاقوں میں گیا۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے امن کارواں کے دوران سنٹرل ایگزیکٹو امن کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ مجالس و جلوس آرگنائزرز، لائسنس ہولڈرز،شیعہ کمیونٹی لیڈرز سے ملاقات کی۔سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر نے اس موقع پر کہا کہ دین اسلام بین المسالک ہم آہنگی بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتا ہے۔تمام عقائد کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔آئیں ہم سب مل کر پر امن محرم الحرام کو یقینی بنانے کے لئے بین المسالک اتحاد و یگانگت،مذہبی ہم آہنگی،رواداری اور برداشت کے ذمہ دارانہ رویوں کو اپنائیں۔علاوہ ازیں سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر اور سی ٹی او منتظر مہدی نے داتا درباراور پانڈوسٹریٹ کادورہ کیااور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔منتظر مہدی نے ٹریفک انتظامات پر بریفنگ دی جبکہ افسران نے شہریوں کی سہولت کے لئے متبادل راستوں کا بھی جائزہ لیا۔سی سی پی او لاہوراور سی ٹی او لاہور نے ڈائیورشن پوائنٹس پر موجود وارڈنز کو بریفنگ دی۔

مزیدخبریں