لاہور(نامہ نگار) صوبہ بھر میںیوم عاشورکے عزاداری جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز فیلڈ میں متحرک ہیں اور نویں محرم کے مرکزی جلوسوں اورمجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر بہترین انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ سنٹرل پولیس آفس میں قائم کنٹرول روم سے تمام اضلاع کے جلوسوں اور سکیورٹی انتظامات کی مستقل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور تمام جلوسوں کے آغازاور اختتام تک لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے۔ فیصل شاہکار نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہے اور دفعہ 144 پر مکمل عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل اورانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے گزشتہ رات امام بارگاہ خیمہ سادات کا اچانک دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر، کمشنر لاہور محمد عثمان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم،ڈی آئی جی آپریشنز،ڈی سی لاہور،دیگر افسران ہمراہ تھے۔چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے جلوس اور مجالس کے سکیورٹی و لاجسٹک انتظامات کا جائزہ لیا اور منتظمین مجلس و امن کمیٹی کے ممبران سے ملاقات کیں۔چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے ضلعی انتظامیہ کو جلوس کے روٹس اور مجالس میں عزاداروں کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں آئی جی پنجاب نے کہا کہ جلوس کے تمام روٹس کی سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور مرکزی جلوسوں کے روٹس اور ملحقہ علاقوں پر 24 گھنٹے عملہ تعینات رہے گاجبکہ جلوسوں کے ساتھ ساتھ مجالس کی سکیورٹی پر بھی خصوصی توجہ دی جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے سی ٹی او لاہورکوتاکید کی کہ سیکیورٹی انتظامات کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ڈیوٹی پر مامور اہلکار و افسران پوری تندہی سے فرائض سر انجام دیں۔