لاہور (خصوصی نامہ نگار)سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشورحق و باطل کے اس معرکے کی یاد تازہ کرتا ہے جس سے یہ ثابت ہو گیا کہ فتح ہمیشہ حق کی ہو گی۔ باطل چاہے جس قدر طاقتور ہو، اس کا نام و نشان ہمیشہ کیلئے مٹ جانے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہادت حضرت امام حسینؓ کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاہر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالاخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت ایک ایسا المناک اور درد انگیز واقعہ ہے کہ امت صدیاں گزرنے کے باوجود ان کی شہادت پرآج بھی افسردہ اور غم ناک ہے۔ سینکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے۔ سپیکر سبطین خان نے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کیلئے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔