پکتیکا ، اے پی ایس حملے کا ما سٹر ما ئنڈ عمر خالد  خرا سا نی 2سا تھیوں سمیت دھماکے میں ہلاک 


کابل(نوائے وقت رپورٹ) کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کمانڈر عمر خالد خراسانی کو افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں ہلاک کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عمر خالد خراسانی کے ہمراہ کالعدم تنظیم کے مزید 2 کمانڈرز  بھی مارے گئے، ہلاک ہونے والوں میں حافظ دولت اور کمانڈر مفتی حسن شامل ہیں۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے ذرائع نے عمر خالد خراسانی اور دو کمانڈرز کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے تینوں کمانڈرز افغانستان کے صوبے پکتیکا کے علاقے برمل میں گاڑی پر  سفر کر رہے تھے کہ ان کی گاڑی لینڈ مائن سے ٹکرا گئی۔ ذرائع کے مطابق  افغانستان کے صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل کے علاقے سراکئی میں باروردی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار کالعدم تحریک طالبان کے اہم کمانڈر عبدالولی عرف عمر خالد  خراسانی  ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گئے۔  ذرائع کے مطابق عمر خالد خراسانی کا شمار ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈروں میں کیا جاتا ہے۔ عمر خالد خراسانی اے پی ایس پشاور پر حملے کے ماسٹر مائنڈ بھی سمجھے جاتے تھے۔ وہ مفتی حسن  خراسانی کے داماد تھے۔ عمر خالد خراسانی نے گزشتہ دنوں کابل میں پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات میں بھی حصہ لیا تھا۔ طالبان رہنما احسان اللہ احسان نے  خالد خراسانی کی موت کی تصدیق کر دی۔ امریکہ نے عمر خالد خراسانی کے بارے میں اطلاع دینے، زندہ یا مردہ پکڑنے والوں کے لیے تین ملین ڈالر کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ 

ای پیپر دی نیشن