غزہ (این این آئی) غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ محصور فلسطینی علاقے میں اسرائیلی فوج کے حملے میں مزید گیارہ افراد شہید ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت صحت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ غزہ پر جمعہ کو اسرائیلی فوج کے حملے کے آغاز سے اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 44ہوگئی ہے۔ 350 عمارتیں بھی تباہ ہوئی ہیں۔ ان کے علاوہ 360 افراد زخمی ہوئے ہیں اور وہ مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے عالمی برادری سے غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کو رکوانے میں مدد دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ محمد اشتیہ نے مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ غزہ میں شہید اور زخمی بچوں کی تصویر کو انسانیت کے ضمیر کو ہلانا ہوگا اور جارحیت کو فوری طور پر روکنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے غزہ میں شہید ہونے والے بعض بچوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوگا جس میں اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل سے فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور قابل عمل فیصلہ لینے کی ضرورت ہے۔ ہم اس عالمی ادارے سے محض مذمت سے زیادہ کچھ چاہتے ہیں۔ اسرائیل اور اسلامی جہادکے درمیان جنگ بندی ہو گئی۔