اسلام آباد+ لاہور (خبر نگار خصوصی+ اے پی پی) وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم عاشور پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ یومِ عاشور حق و باطل کے اس لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے جب سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی قیادت میں جذب ایمانی سے سرشار جماعت نے باطل کی اطاعت سے انکار کیا، اور حق کی سربلندی کے لیے اپنے سے بظاہر طاقتور گروہ کے سامنے سینہ سپر ہو گئی، اور یوں اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے تا قیامت عزم و ہمت اور بہادری کا استعارہ بن گئی۔ اہل بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ، حضرت امام حسین نے بے سرو سامانی کے عالم میں ظلم و استبداد پر کاربند قوتوں کو للکارا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دین اسلام کوجلا بخشی۔ آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے اور یہی قربانیاں اہل ایمان کو ابتلا و آزمائش کی گھڑی میں عزم و ہمت کا حوصلہ دیتی ہیں۔ شہادت امام حسین امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔ ہم سب کو چاہئے کہ ان کے فلسفہ شہادت کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں اور حق کی سربلندی کے لیے ہر قسم کی آزمائش کا جوانمردی اور اسقامت کے ساتھ مقابلہ کریں۔ اس وقت ہمارا ملک جس نازک صورتحال سے دوچار ہے، ہمارے لیے اس جذبہ جوان مردی اور حق گوئی کی اہمیت دو چند ہو جاتی ہے۔ اس لیے وطن عزیز کو ان مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں صبر، ہمت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اسوہ امام حسین پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ پاکستان اور پاکستانی قوم کو خوشحالی اور ترقی عطا فرمائیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامی تاریخ میں محرم الحرام نہایت عزت و احترام اور فضیلت والا مہینہ ہے، اس مہینے میں جہاں اسلامی تاریخ کے اہم ترین واقعات رونما ہوئے وہیں یوم عاشورہ بھی امت مسلمہ کے نزدیک خصوصی اہمیت و فضیلت کا حامل ہے، آج کے دن حضرت امام حسین نے ایک ظالم حکمران کی بیعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے دین کی سربلندی اور حق و صداقت کی خاطر اہلِ بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ جامِ شہادت نوش فرمایا، نواسہ رسول نے کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں حق کی خاطر اپنا سر تو کٹوا دیا مگر اسے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا، اس میں ہمارے لیے پیغام ہے کہ ظلم و جبر پر مبنی باطل نظام کے خلاف حق اور سچائی کا علم بلند کرنا چاہیے، امت مسلمہ کو حق و صداقت اور دین کی بقا اور فروغ کیلئے ڈٹ جانا چاہئے۔ یوم عاشور پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ یہ دن یوم عاشور ہمیں شہدائے کربلا حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ واقعہ کربلا سچائی کی عظمت، حق کی سرفرازی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا سبق دیتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ شہیدان کربلا کی لازوال قربانیاں ہم سب کے لیے پیغام ہیں کہ ہمیں ہمیشہ صحیح اور غلط کی واضح تفریق کرتے ہوئے حق کا ساتھ دینا ہے اور وقت کے یزید کی سرکوبی کرنی ہے۔
امت دین کیلئے ڈٹ جا ئے ، صدر: وطن کی خا طر ہمت کا مظا ہرہ کرنا ہو گا : وزیر اعطم
Aug 09, 2022