کراچی (نیوز رپورٹر ) تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشدعلی کاظمی القادری نے کہاہے کہ شہادت امام حسین باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیتی ہے، فلسطین وکشمیر کی آزادی جرأ ت حسینی سے ہی ممکن ہے، امام حسین ؓ نے ظلم وجبر کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیا ، یزیدی قوتوں کے خلاف اتحاد و بیداری ہی پیغام حسینی ہے۔یہ باتیں انہوں نے سلام یاحسینؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہاکہ دین محمدی کی بقاء وتحفظ کے لئے امام حسین ؓ نے اپنا گھراناقربان کردیا،اسلام کی تاریخ قربانیوں اور شہادت سے مزین ہے،سیدالشہداء امام حسین ؓ کے ناناکے دین کی بقاء وحفاظت کے لئے خلیفہء دوم سیدنافاروق ؓ اعظم نے محراب رسولﷺ اور خلیفہء سوم سید عثمان غنی ذوالنورینؓ نے قرآن پر جام شہادت نوش کیا، امام حسینؓ نے کسی ظالم ،جابراورفاسق وفاجر کی بیعت کرنے کے بجائے شہادت کو ترجیح دی ۔ قیامت تک ظلم وجبر کے خلاف ڈٹ جانے والوں کا نام قافلہء حسینی میں شمارکیاجائے گا۔امام حسینؓ صرف اسلام ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے مینارہء نورہیں۔اہل بیت اطہارواصحاب رسول پر جان قربان کرنے والے استعماری ویزیدی قوتوں کے خلاف متحد وبیدارہیں۔کانفرنس میں فلسطینی و کشمیری مسلمانوں پر اسرائیلی وبھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیاگیا۔