کراچی (نیوز رپورٹر)صوبہ سندھ کی ووٹر لسٹوں میں 100 سے 142سال کی عمر کے 20ہزار 350ووٹرز کی موجودگی کا انکشاف کے بعد100سال سے زائد عمر کے ووٹرز کی دوبارہ تصدیق کا عمل شروع کر دیا گیا۔ سندھ کے یہ بزرگ ووٹرز اپنی عمر کے مطابق برصغیر پر انگریزوں کے راج، دوسری جنگ عظیم، جدوجہد آزادی، قیام پاکستان اور ملک کے تمام انتخابات کے عینی شاہد بھی ہونگے۔ ان100 سے 142 سال کی عمر کے 20ہزار 350ووٹرزمیں خواتین ووٹرز کی تعداد 11ہزار 760اور مرد ووٹرز کی تعداد 8590ہے، اتنی بڑی تعداد میں سامنے آنے والے ان ووٹرز میں سے 8633کا تعلق کراچی سے ہے جن میں 4301خواتین اور 4332 مرد شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں 142 سال کی واحد معمر ترین خاتون ووٹر کا تعلق میرپور خاص سے ہے جبکہ 140 سال کے 10 بزرگ ووٹرز میں سے 4 کا تعلق تھرپارکر، 3 بدین، 1گھوٹکی، 1 لاڑکانہ اور 1 کا تعلق کراچی کے ضلع کیماڑی سے ہے۔ کراچی ضلع وسطی سب سے زیادہ 2200 بزرگ ووٹرز کے ساتھ سندھ میں سرفہرست ہے ان میں خواتین کے 1065 اور مردوں کے 1135 ووٹ موجود ہیں،کراچی میں وسطی، غربی، شرقی اور کورنگی سندھ کے وہ اضلاع ہیں جہاں مرد ووٹرز ‘ خواتین ووٹرز سے زیادہ ہیں صوبے کے باقی تمام اضلاع میں خواتین ووٹرز مردوں کے مقابلے میں آگے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کے مطابق ان تمام ووٹرز کی دوبارہ تصدیق کی جارہی ہے تاکہ اسی ماہ حتمی انتخابات فہرستوں کی اشاعت کو شفاف اور غلطیوں سے پاک بنایا جاسکے۔
142 سال کے ووٹرز
سندھ : ووٹرلسٹوں میں 100سے 142سال تک عمر کے 20ہزار 350ووٹرز موجود
Aug 09, 2022