شہداء لسبیلہ کی قربانیوں کا تمسخر اڑانا  قابل مذمت  ہے: نواب ثناء اللہ  زہری 

Aug 09, 2022

خضدار(نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلی بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ شہداء  لسبیلہ کی قربانیوں کا تمسخر اڑانی اور انہیں برا بھلا کہنے کی سوشل میڈیامہم صرف شرمناک ہی نہیں خوفناک بھی ہے اس عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے پاک فوج اس ملک کے دفاع کی ضامن ہے ملک پر جب بھی مشکل وقت آیا ہے پاک فوج کے جوانوں نے  صف اول کا کردار ادا کیا۔ قدرتی آفات کے موقع پر سیلاب اور زلزلوں کے موقع پر ہمیشہ اس ادارے نے مشکل وقت پر قوم کی مدد اور رہنمائی کی ہے قوم کو اپنے ادارے پر فخر اور مکمل اعتماد ہے سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ ایسے عناصر کے خلاف قوم کی رہنمائی کریں ۔انہوں  نے کہا کہ متکبرانہ اور منافقانہ سیاسی نظریے کا یہی نتیجہ ہے کہ یہ کم سن ذہنوں میں زہرگھول کربدتہذیبی کوترویج دیتاہی۔آخرہمارا معاشرہ کس سمت جا رہاہے ہمیں شدت سیخوداحتسابی کی ضرورت ہے۔ نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ ہماری تمام ہمدردیاں شہداء  لسبیلہ کی فیملی کے ساتھ ہیں جنہوں نے ڈوبے ہوئے بلوچستان کے عوام کو سیلاب سے بچانے کے لیے اپنے جان جان آفریں کے حوالے کردیں ہم ان شہداء  کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بڑے سانحہ کے موقع پر پوری قوم غم اور اضطراب کی کیفیت میں ہے لیکن کچھ گندی ذہن کے مالک سوشل میڈیا پر شہداء کے خلاف پروپیگنڈہ مہم چلا رہے ہیں حکومت کو چاہیے ایسے  عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرکے انہیں عبرت کا نشان بنا دیا جائے جو قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں