اسلام آباد: دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان ہر سال 10 محرم کے روز یومِ عاشور مناتے ہیں، آج پاکستان میں 10 محرم الحرام کی مناسبت سے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، اہلِ بیت اور 72 جانثاران کا یومِ شہادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اس وقت کے فرعون صفت بادشاہ یزید کی اطاعت قبول نہ کرتے ہوئے اس کی بیعت سے انکار کردیا جس پر یزید نے فوج بھیج کر آپ کے اہلِ خانہ کیلئے کربلا کو میدانِ جنگ بنا دیا۔عراق میں واقع میدانِ کربلا آج بھی اسلام کے ہر فقہ سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کیلئے زیارت گاہ ہے۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے اہلِ خانہ سمیت شہادت کا جام تو قبول کر لیا .لیکن یزید کی پکار پر لبیک کہہ کر اسلام کی توہین گوارا نہ کی۔اسلام دشمن یزیدی حکومت مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہی تھی جنہیں روکنے اور اسلام کو سربلند رکھنے کیلئے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا علمِ حق بلند کرنا ضروری تھا۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اپنی اور معصوم بچوں اور خواتین سمیت اپنے اہلِ خانہ کی جان کی بجائے اسلام کو ترجیح دی۔حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی 72 جانثاروں سمیت شہادت کا واقعہ آج مختلف مجالس، تقریبات اور اجتماعات میں سنایا جائے گا۔ علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا فلسفۂ شہادت، اسلام کیلئے قربانی اور آپ رضی اللہ عنہ کے کردار کو بیان کریں گے۔
راولپنڈی اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں سے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اہلِ بیت سے یکجہتی کے اظہار کیلئے تعزئیے اور جلوس نکالے جائیں گے۔ مختلف مجالس میں حضورِ اکرم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق حضرت امام حسین کے لائحۂ عمل پر آگہی دی جائے گی۔
ملک بھر میں یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے آج منایا جارہا ہے
Aug 09, 2022 | 11:41