یومِ عاشور، صدر اور وزیر اعظم کا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقعے پر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی عظیم قربانی مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے اور اس میں یہ پیغام ہے کہ مسلمانوں کو جبر و استبداد کے آلہ کاروں کے خلاف جہاد، سچائی اور صداقت  کا علم بردار رہنا ہوگا۔ یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ اسلامی تاریخ میں محرم الحرام عزت، وقار اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ اس دن حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے ایک جابر حکمران کی بیعت سے انکار کیا اور اسلام اور حق و صداقت کیلئے اہلِ خانہ اور ساتھیوں سمیت شہادت قبول کی۔ 
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا لیکن شیطانی قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا۔آپ نے وفادار ساتھیوں اور اہلِ خانہ سمیت بہادر، ہمت اور قربانی کی عظیم مثال قائم کی۔ اپنے خون سے اسلام کو نئی زندگی عطا کردی۔ حضرت امام حسین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ جب ہم اللہ کے دین، نبی اکرم ﷺ کی سیرت اور امام حسین رضی اللہ عنہ کی زندگی پر عمل کریں گے تو یقیناً اللہ تعالیٰ ہماری مدد کرے گا۔ اور ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوں گے۔
دوسری جانب یومِ عاشور کے موقعے پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کی بدولت اسلام زندہ ہے اور یہ قربانیاں اہل ایمان کو مشکلات اور چیلنجز میں ہمت اور امید فراہم کرتی ہیں۔اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ عاشور کا دن نیکی اور بدی کے درمیان بے مثال جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، جب حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی قیادت میں ایک گروہ نے برائی کی بیعت کرنے سے انکار کر دیا اور ایک بظاہر طاقتور گروہ کے سامنے کھڑا ہو گیا۔پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ ہمت، عزم اور بہادری کی علامت بن گئے۔9 اور 10 محرم کو حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے خاندان اور ان کے وفادار ساتھیوں نے وسائل کی کمی کے باوجود ظلم و جبر کی قوتوں کو للکارا اور اسلام کو زندہ و جاوید کر دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت امت مسلمہ کے لیے ایک اہم درس ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ قربانی کے فلسفے کو اپنے لیے روشنی کا مینار سمجھتے ہوئے حق و صداقت کی کامیابی کے لیے ہر قسم کے چیلنجز کا بہادری اور ثابت قدمی سے مقابلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک ایک نازک وقت سے گزر رہا ہے. جس کی وجہ سے ہمت اور صداقت کے ساتھ کام کرنا زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں صبر، حوصلے اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...