لاہور(سپورٹس رپورٹر)افغانستان کیخلاف سیریز اور ایشیا کپ کیلئے قومی ٹیم کی تشکیل پر مشاورت شروع ہو گئی۔ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ افغانستان کیخلاف سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان اسی ہفتے کیا جائیگا۔انضمام الحق نے ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈکوچ گرانٹ بریڈبرن سے مشاورت کی ہے جبکہ وہ کپتان بابر اعظم سے بھی مشاورت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لنکا پریمیئر لیگ کھیلنے والے کھلاڑی سری لنکا میں ہی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ کینیڈا لیگ کھیلنے والے کھلاڑی بھی براہ راست سری لنکا پہنچیں گے۔پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں سری لنکا میں 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلیں گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا غیر ملکی کوچنگ سٹاف رواں ہفتے لاہور پہنچے گا، غیر ملکی کوچنگ سٹاف دورہ سری لنکا کے اختتام پر چھٹیوں پر چلا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ اور بیٹنگ کوچ اینڈریو پوٹک جمعہ کو لاہور پہنچیں گے، فزیو کلف ڈیکن اور ٹرینر ڈریکس سائمن بھی رواں ہفتے کے آخر میں پہنچ رہے ہیں، بائولنگ کوچ مورنے مورکل کے سری لنکا میں ٹیم کو جوائن کرنے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کیخلاف سیریز اور ایشیا کپ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان ایک دو روز میں ہوگا، سری لنکا روانگی سے قبل پاکستان میں موجود کھلاڑیوں کا مختصر ٹریننگ کیمپ لگایا جائے گا، پاکستان کرکٹ ٹیم 17 ستمبر کو سری لنکا پہنچے گی، تین ون ڈے میچز کی سیریز 22 سے 26 اگست تک کھیلی جائے گی۔
قومی ٹیم کیلئے چیف سلیکٹر کی مشاورت شروع
Aug 09, 2023