نئی دہلی (نیٹ نیوز) منی پور فسادات پر مودی حکومت کیخلاف بھارتی لوک سبھا میں اپوزیشن اتحاد کی تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز ہوگیا۔ لوک سبھا میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورگگوئی نے مودی حکومت پر سوالوں کی بوچھاڑ کرتے ہوئے بحث کا آغاز کیا۔ گورگگوئی نے کہا منی پور فسادات پر مودی نے چپ کا روزہ رکھ لیا ہے۔ منی پور فسادات پر 80 دن میں بولے تو وہ بھی صرف 30 سکینڈ کیلئے۔ مودی اب تک منی پور کیوں نہیں گئے؟۔ منی پور کے وزیراعلیٰ کو اب تک کیوں نہیں ہٹایا گیا۔ منی پور انصاف چاہتا ہے اور یہ ایوان حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔ یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد انڈیا یہ تحریک عدم اعتماد منی پور کیلئے لایا ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گوروگگوئی نے اپوزیشن اتحاد کی جانب سے 26 جولائی کو تحریک عدم اعتماد لانے کا نوٹس دیا تھا۔ لوک سبھا میں مودی حکومت کیخلاف اپوزیشن اتحاد کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کل جمعرات کی شام متوقع ہے۔ منی پور میں 3 مئی سے جاری نسلی فسادات میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔