شیخ عبدالرحمان السدیس حرمین شریفین مذہبی امور انتظامیہ کے سربراہ مقرر عہدہ وزیر کے برابر ہوگا

جدہ (نیٹ نیوز)  امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی  (حرمین شریفین) مذہبی امور انتظامیہ کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی نگرانی کے لیے سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے براہ راست کنٹرول میں نئی کونسل قائم کر دی گئی ہے۔ امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے مذہبی امور انتظامیہ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، ان کا عہدہ سعودی وزیر کے برابر ہوگا۔خیال رہے شیخ عبدالرحمان السدیس اس سے قبل حرمین شریفین اتھارٹی کے سربراہ تھے۔ نئی کونسل مکہ، مدینہ کی دونوں مقدس مساجد کے مذہبی امور کی صدارت کرے گی، نئی کونسل مذہبی اسباق، خطبات اور اذان سمیت دونوں مساجد میں ہونے والی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی، سعودی بادشاہ کی زیرنگرانی نئی کونسل کو ممکنہ طور پر زیادہ مالی اور انتظامی آزادی حاصل ہوگی، مقدس مساجد کی نگرانی کرنے والی سابقہ کونسل سعودی حکومت کے کنٹرول میں تھی۔سعودی شاہی فرمان کے ذریعے وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کے لیے جنرل اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن