ڈیجیٹل پرائز بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ‘ جلد اعلان متوقع

Aug 09, 2023

کراچی (کامرس رپورٹر) حکومت نے ڈیجیٹل پرائز بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میںذرائع نے بتایا ہے کہ اس حوالے سے جلد اعلان متوقع ہے۔ پہلے مرحلے میں صرف ایک ہزار روپے والے ڈیجیٹل پرائز بانڈز جاری کئے جائیں گے جبکہ 5سو، 5 ہزار روپے اور 10 ہزار روپے والے ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی فروخت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ ڈیجیٹل پرائز بانڈز عام بیئرر(bearer) جو کہ 100، 200، 750 اور 1500 روپے مالیت کے دستیاب ہیں، کی طرح کاغذ والے بانڈز کی طرح نہیں ہوں گے بلکہ ڈیجیٹل پرائز بانڈز خریدنے والے کو صرف نمبر جاری کئے جائیں گے یا ان کی ڈیجیٹل تصویر موبائل ایپلیکیشنز پر جاری کی جائیں گی اور یہ ڈیجیٹل پرائز بانڈز مارکیٹ میں اس وقت موجود پریمئم پرائز بانڈ کی طرح صارف یا خریدنے والے کے نام پر رجسٹرڈ ہو گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس نئے ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی عام مارکیٹ میں یا ڈیلرز شاپس پر یا صارفین ایک دوسرے کو نہ تو فروخت کر سکیں گے اور نہ ہی کسی اور سے خرید سکیں گے۔ اس نئے ڈیجیٹل پرائز بانڈز کا ڈیلرز سے کوئی لینا دینا نہیں ہو گا، یعنی بانڈز کی خرید و فروخت پر اضافی رقم نہ دی جا سکے گی اور نہ ہی لی جا سکے گی اور نہ ہی انعام کے حصول کے لئے کسی ڈیلر سے رابطہ کرنے کی ضرورت ہو گی۔ اس ڈیجیٹل پرائز بانڈز کو خریدنے سے پہلے ہر خریدار کو ڈیجیٹل بچت اکائونٹ کھلوانا ہو گا۔

مزیدخبریں