کراچی (کامرس رپورٹر) سابق وزیراعظم کی گرفتاری اور نا اہلی، نگران حکومت کے سیٹ اپ پر اختلاف رائے اور عام انتخابات میں تاخیر کے خدشات کے باعث پاکستان سٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتہ کا آغاز بدترین مندے سے ہوا۔ کے ایس ای100انڈیکس 956پوائنٹس گر گیا اور انڈیکس 48000 سے 47000 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔ مارکیٹ میں شدید مندے کے باعث سرمایہ کاروں کو 149ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ حصص کی کاروباری مالیت اور حجم دونوں میںکمی رہی۔ گزشتہ روز کے ایس ای 100انڈیکس میں نو حدیں گریں۔ کے ایس ای 30انڈیکس 350پوائنٹس کمی سے 17247پوائنٹس سے گھٹ کر 16897پوائنٹس پر بند ہوا۔ جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 664پوائنٹس کمی سے 32216 پوائنٹس سے گر کر 31552پوائنٹس پر بند ہوا۔ 12ارب روپے مالیت کے 33کروڑ سے زائد حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر 343کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 49کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 278 میں کمی اور 16کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔