اسلام آبا د(این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ورکنگ جرنلسٹس اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کی تکمیل ہے۔ وہ منگل کو یہاں صحافیوں اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ کارڈ اور وزارت قانون کی جانب سے پاکستان کوڈ، ڈیجیٹل ریپازیٹری آف فیڈرل لاز موبائل ایپلی کیشن اور ویب پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی، رکن قومی اسمبلی مہناز عزیز سمیت سیکریٹری اطلاعات، پرنسپل انفارمیشن آفیسر اور صحافیوں و فنکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اہم اور تاریخی دن ہے جب وزیراعظم کی ہدایت پر ورکنگ جرنلسٹس اور فنکاروں کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل وزارت اطلاعات اور اسٹیٹ لائف کے مابین ہیلتھ انشورنس کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے، آج اس ہیلتھ انشورنس کا باضابطہ اجرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا بحیثیت اپوزیشن لیڈر جو وژن تھا، آج اس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت قانون نے تمام فیڈرل قوانین کو ایپلی کیشن اور ویب پورٹل کی صورت میں پاکستان کے عوام کے لئے تیار کیا ہے جس پر وزارت قانون کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے صحافیوں اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ کارڈ کی فراہمی میں بہترین کاوشوں پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر کا شکریہ ادا کیا۔