لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ازبکستان کے شہر سمرقند میں امام بخاریؒ کے مزار کا دورہ کیا اور مزار پر حاضری دی اور خصوصی دعا کی۔ محسن نقوی نے بخارا میں مختلف ہسپتالوں اور ٹورسٹ پولیس سٹیشن کا بھی وزٹ کیا اور وہاں دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی اور وفد کے دیگر ارکان نے پاکستان کی سالمیت، استحکام، امن اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔ مزار امام بخاریؒ کمپلیکس کے منتظم نے دعا کرائی اور خوش الحانی سے تلاوت قرآن پاک پیش کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ امام بخاریؒ اور دیگر صوفیا و علماء ازبکستان اور پاکستان کا مشترکہ اثاثہ ہیں۔ محسن نقوی نے ازبک طرز تعمیر کو سراہا اور خوبصورت ٹائلوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے بخارا کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ میڈیکل وارڈز، ڈینٹل کلینک اور شعبہ امراض قلب میں علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں معلومات لیں۔ محسن نقوی نے ڈاکٹروں اور طبی عملے سے گفتگو کی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ازبک ڈاکٹروں اور عملے کے جذبے کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ازبکستان کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں دیکھ کر متاثر ہوا ہوں۔ ہم پنجاب میں بھی مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دینے کے لئے کوشاں ہیں۔ انشاء اللہ پنجاب کے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹورسٹ پولیس سٹیشن میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے سسٹم کا مشاہدہ کیا اور جدید نظام کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹورسٹ پولیس سٹیشن میں سیاحوں کی سہولت اور رہنمائی کے لئے قائم استقبالیہ ڈیسک کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی اور وفد کے ارکان کو نقشے کی مدد سے سیاحتی مقامات اور وہاں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے آگاہ کیا گیا۔
محسن نقوی کی امام بخاری کے مزار پر حاضری، بخارا میں ہسپتالوں کا دورہ
Aug 09, 2023