لاہور ( خصوصی نامہ نگار )سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سے نیشنل مشائخ کونسل کے چیئرمین خواجہ قطب الدین فریدی نے پیر آف تونسہ شریف خواجہ نصر المحمود اور دیگر روحانی شخصیات کے ہمراہ ایوانِ اوقاف میں ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مزارات کی ڈیویلپمنٹ پنجاب حکومت کا عظیم کارنامہ ہے، سجادگان و خانقاہ نشین اِن اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ موجودہ حکومت نے مذہبی اقدار کو تقویت، بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ، بین المذاہب مکالمے کی ترویج اور خانقاہی نظام کی تعمیر و ترقی کا اہتمام کیا، جو کہ لائق تحسین ہے۔ سیکرٹری اوقاف نے اِس امر پر زور دیا کہ خطّے سے انتہا پسندی اور تشدّد کے خاتمے کے لیے، صوفیا کی تعلیمات کا ابلاغ از حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے سجاد گان اور خانقاہ نشینوں کو قوم کی صحیح سمت راہنمائی کرنی چاہیے۔وفد نے اوقاف اور بالخصوص پنجاب کی موجودہ لیڈر شپ کی دینی طبقات اور مذہبی لیڈر شپ سے موثر تعلقات ِ کار،ان کے ساتھ علمی اشتراک اور معاونت، اتحادِ اْمّت اور بین المسلمین تعلقات کی ترویج کے حوالے سے خدمات کو سراہا۔اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق درگاہوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے ایک جامع حکمت عملی و ضع کر لی گئی ہے جس کے ذریعہ صوبہ بھر کے اہم اور قدیمی مزارات کو ان کے اصل طرز تعمیر کے مطابق بحال کیاجارہا ہے، جس میں زائرین کے لیے سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
مزارات کی ڈیویلپمنٹ پنجاب حکومت کا عظیم کارنامہ ہے:طاہر رضا بخاری
Aug 09, 2023