اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر ایک بار پھر تشویش

Aug 09, 2023 | 14:29

اقوام متحدہ نے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے یہ بیان 5 اگست 2019 کوجموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بھارت کے یکطرفہ اقدام سے متعلق ایک سوال کے جواب میں دیا۔ نیویارک میں عالمی ادارے کے صدر دفتر میں معمول کی بریفنگ کے دوران کئے گئے سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی دگرگوں صورتحال پر جن خدشات کا اظہار کیا گیا تھا وہ اب بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان خدشات کا اعادہ کروں گا جن کا اظہار اس سے پہلے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر اور دیگر ذرائع سے کیا جا چکا ہے۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں جن خدشات کا اظہار ہم نے پہلے کیا وہ اب بھی برقرار ہیں۔ واضح رہے کہ5 اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدام کو چار سال مکمل ہونے کے موقع پر دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے اقوام متحدہ سے کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں