لاہور(نامہ نگار)سیف سٹی اتھارٹی نے سوشل میڈیا پردوستی کر کے طالبہ کو بلیک میل کرنے والے دو ملزم گرفتار کرا دئیے ہیں۔ طالبہ نے سیف سٹی اتھارٹی کی ویمن سیفٹی ایپ پر چیٹ کے ذریعے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں شکایت درج کروائی۔طالبہ کی سوشل میڈیا پر دو لڑکیوں سے دوستی ہوئی،جنہوں نے دھوکے سے دو لڑکوں سے ملاقات کروا دی۔لڑکوں نے دھوکہ دہی سے طالبہ کی تصاویر اور ویڈیو بنا لیں اور اسے بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔لڑکی نے الزام لگایا کہ ملزمان مجھے کالج آتے جاتے ہراساں کرتے تھے۔مجھے جان سے مارنے اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دیتے تھے۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے پولیس کا کالر سے رابطہ کروایا اور لڑکوں کی نشاندہی کروائی۔سیالکوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔