قتل کی سازش: امریکا نے آصف مرچنٹ کے بارے میں پاکستان سے معلومات مانگ لیں

واشنگٹن؍ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) امریکی سرزمین پر قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ  کے بارے میں معلومات کے حصول کے لیے امریکا نے پاکستان کو  باضابطہ درخواست کردی۔ ذرائع کے مطابق  آصف مرچنٹ نے امریکی ہٹ مین کو  دینے کے لیے 5  ہزار  ڈالر  پاکستان سے منگوائے تھے۔ امریکی انٹیلی جنس نے اس رقم کے نیویارک بھیجے جانے، گرفتار آصف مرچنٹ کے غیر ملکی دوروں اور پاکستانی رابطوں کی تفصیل بھی مانگی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف مرچنٹ  نے کراچی میں اپنے ماموں سے 5 ہزار  ڈالر منگوائے۔ آصف  مرچنٹ نے سال 2015ء  سے سال 2024ء  تک  ایران، عراق  اور یمن کے کم از کم 15 دورے کیے۔ آصف مرچنٹ سال 2013ء، 2017ء میں بھی امریکا جاچکے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ  امریکا اپنے لوگوں بشمول غیر ملکی حکام کو ایران کی طرف سے آنے والے خطرات سے بچانے کے لیے کام کرتا رہے گا۔ دوسری جانب  آصف مرچنٹ کے حوالے سے مقامی اداروں نے بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ آصف مرچنٹ کراچی کے رہائشی ہیں  اور اس حوالے سے سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف رضا مرچنٹ کا کراچی میں اب تک کوئی کرمنل ریکارڈ سامنے آیا ہے اور نہ ہی ان کے پاکستان میں کسی جرم میں ملوث ہونے کا پتا چلا ہے۔

ای پیپر دی نیشن