لاہور (سپورٹس رپورٹر) فرسٹ ویمن کے ٹو ایکسپڈیشن کی ٹیم نے دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کر کے تاریخ رقم کر دی۔ فرسٹ ویمن کے ٹو ایکسپڈیشن کے شرکاء نے آرمی کے زیر اہتمام 8 ہزار611 میٹر اونچائی والی دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی سر کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ فرسٹ ویمن کے ٹو ایکسپڈیشن ٹیم گزشتہ ماہ مہم جوئی پر روانہ ہوئی تھی، ٹیم کو پاک آرمی کا خصوصی تعاون حاصل رہا جبکہ ٹیم کی قیادت سرباز خان نے کی۔ ٹیم ممبران نے کہا کہ اپنی کامیابی پاک فوج اور پاکستان کے نام کرتے ہیں، موسمی حالات سخت تھے لیکن ہم نے کچھ کرنے کی ٹھان لی تھی۔ ٹیم لیڈر سرباز خان نے کہا کہ پوری قوم کو مبارکباد اور شکرگزار ہوں۔ گلگت بلتستان کے علاقے شمشال سے تعلق رکھنے والی سلطانہ نسب نے کہا کہ کے ٹو کی بلندی پر سبز ہلالی پرچم لہرا کر خوشی ہوئی۔ آرمی کی شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اس مہم جوئی کیلئے تعاون کیا۔ کے ٹو سر کرنے والوں میں سرباز خان، خاتون ممبر سلطانہ نسب، امتیاز سد پارہ، اشرف سدپارہ شامل ہیں۔ ٹیم جب مشن مکمل کر کے سکردو پہنچی تو آرمی کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ گلگت پہنچنے پر کمانڈر ایف سی این اے نے ٹیم سے ملاقات کی، ان کو مبارکباد دی اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کیے۔
فرسٹ ویمن کے ٹو ایکسپڈیشن ٹیم نے کے ٹو چوٹی سر کر لی
Aug 09, 2024