اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مہنگائی کے ستائے عوام کو ایک اور جھٹکا، نیپرا نے بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری نو ٹیفکیشن کے مطابق بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ جون کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا جس کا اطلاق صرف ایک ماہ کیلئے ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اس اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔