اسلام آ باد (آئی این پی ) میجر طفیل محمد شہید کا یومِ شہادت پوری عقیدت اور احترام سے منایا گیا دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاوں کے ساتھ ہوا،علما نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لئے خصوصی دعاں کا اہتمام کیا۔علما کرام نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں،جو قومیں اپنے شہدا کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں، علما کا کہنا ہے کہ شہید کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا،زندہ قومیں اپنے محسنوں کیاحسانات کو فراموش نہیں کرتیں،شہیدمیجر طفیل محمد دھرتی کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا۔ بِلا شبہ میجرطفیل محمد شہید کا یوم شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے۔پاکستان کییہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کی بِلاشبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں،آج پوری قوم ان کی بہادری اور شجاعت کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زر داری ، وزیر اعظم شہبازشریف نے نشان حیدر کا اعزاز پانے والے میجر طفیل محمد شہید کے 66 ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ،پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے جوانوں و افسران کی اس ملک کی حفاظت کیلئے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہاکہ قوم مادر وطن کے دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت کو سلام پیش کرتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ میجر طفیل محمد شہید نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ، میجر طفیل محمد شہید نے جرات اور بہادری کی مثال رقم کی ۔ صدر مملکت نے کہاکہ پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے ۔ آصف زر داری نے کہاکہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔صدر مملکت نے میجر طفیل محمد شہید کیلئے بلندی درجات کی دعا ء کی ۔ اپنے بیان میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے میجر طفیل محمد نشانِ حیدر کے 66ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہاکہ میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر نے جرآت و بہادری کی عظیم مثال قائم کرتے ہوئے وطن کی حفاظت کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر نے اپنے زخموں کی پراہ کئے بغیر اپنے مشن کو پورا کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر کی فرض شناسی، ہمت و بہادری اور وطن کی حفاظت کے عہد کی پاسداری نوجوان نسل کیلئے ایک مثال ہے۔ انہوںنے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور انکے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے جوانوں و افسران کی اس ملک کی حفاظت کیلئے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
میجر طفیل محمد شہید کا 66 واں یومِ شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا
Aug 09, 2024