امام مسجد نبویؐ پاکستان پہنچ گئے، آج فیصل مسجد میں نماز جمعہ پڑھائیں گے

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) صدر آصف علی زرداری سے امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے ملاقات کے دوران کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان مزید اتحاد اور تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ صدر مملکت نے دوطرفہ تعلقات مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب قریبی دوست ہے، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ امام مسجد نبویؐ نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کی مضبوط شراکت داری ہے۔ دونوں ممالک کو عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے۔ صدر مملکت نے شہزادہ محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور دور اندیش قیادت کو سراہا اور امید کی کہ مسجد نبویؐ کے امام کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ مسجد نبویؐ کے امام نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔ امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر پارلیمنٹ ہاؤس بھی گئے اور چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر اور چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین اور سعودی سفیر بھی ہمراہ تھے۔ چیئرمین سینٹ نے امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور ہم آہنگی پر بات چیت ہوئی۔ علاوہ ازیں مسجد نبوی کے امام فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کے 7 روزہ خیرسگالی دورے پر پاکستان پہنچنے پر وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین اور سعودی سفیر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ مسجد نبوی کے امام آج فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کریں گے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر صدر مملکت، وزیراعظم و دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ ان کی جید پاکستانی علمائے کرام سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن