کراچی (این این آئی)کراچی کی ایک سیشن عدالت نے کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عزیر بلوچ اور اس کے ساتھی غفار ماما کو 15 سال پرانے پولیس مقابلے اور اقدام قتل کے کیس میں عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (جنوبی) نے سینٹرل جیل کراچی میں جوڈیشل کمپلیکس میں مقدمے کی سماعت کی۔فیصلے میں کہا گیا کہ استغاثہ عزیر بلوچ اور غفار ماما کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی۔عدالت نے انہیں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 295-ایچ (آئی) کے تحت بری کر دیا۔عدالت نے جیل اتھارٹی کو ہدایت کی کہ اگر کسی اور کیس میں عزیر بلوچ کی تحویل کی ضرورت نہ ہو تو انہیں رہا کیا جائے۔استغاثہ کے مطابق اگست 2009 میں پولیس کو اطلاع ملی کہ عبدالرحمٰن عرف رحمٰن ڈکیت اور اس کے ساتھی تین کاروں میں سفر کر رہے ہیں، اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے کاروں کا تعاقب کیا اور انہیں روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی۔مزید کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں رحمٰن ڈکیت، اورنگزیب، نذیر بلوچ اور عقیل احمد بلوچ مارے گئے، جبکہ ایک کار میں سوار عزیر بلوچ سمیت ان کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔استغاثہ کا کہنا تھا کہ مرنے سے پہلے ملزم اورنگزیب نے پولیس کو بتایا کہ عزیر بلوچ اور دیگر ساتھی گاڑی میں موجود تھے، جو موقع سے فرار ہوگئے۔تاہم وکیل دفاع صفدر حسین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اورنگزیب کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہیں گردن میں 2 گولیوں سمیت 10 گولیاں لگیں اور ایسا زخمی شخص موقع پر بیان دینے کے قابل نہیں تھا۔دفاع نے مؤقف جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پولیس کے بیان میں درج وقت اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتائے گئے موت کے وقت میں فرق ہے۔اسٹیل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 353، دفعہ 324 ، دفعہ 186 اور دفعہ 34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔مبینہ گینگسٹر کو قتل، اقدام قتل، اغوا، بھتہ خوری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مقابلوں سے متعلق درجنوں مقدمات کا سامنا ہے، اب تک وہ 2 درجن سے زائد مقدمات میں بنیادی طور پر عدم ثبوت کی وجہ سے بری ہو چکے ہیں۔