وزیر آباد: اوورسیز پاکستانی کا عشائیہ، پولیس نے پی ٹی آئی اجلاس سمجھ لیا، 21 افراد گرفتار 

وزیر آباد (نامہ نگار) پولیس نے اوورسیز پاکستانی کی میزبانی میں تقریب پر چھاپہ مار تحریک انصاف سے منسلک 21 افراد کو میزبان سمیت پولیس نے حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد کے علاقہ محمد نگر میں پولیس تھانہ سٹی وزیر آباد نے امریکہ میں مقیم پاکستانی شہری شفقت بھٹی کی رہائش گاہ پر دوستوں کے اعزاز میں جاری عشائیہ کے پروگرام پر چھاپہ مارا اور طعام میں مصروف مہمانوں کو حراست میں لے کر تھانہ سٹی وزیر آباد منتقل کر دیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا  کہ پروگرام میں تحریک انصاف سے وابستہ مقامی نوجوان بھی مدعو تھے جس پر پولیس نے خفیہ اجلاس سمجھتے ہوئے افراد کو حراست میں لیا، پکڑے جانے والے کم و بیش 21 افراد جن میں پروگرام کے میزبان شفقت بھٹی بھی شامل ہیں کو تھانہ سٹی وزیر آباد لے جایا گیا، تحریک انصاف کی مقامی قیادت اور ضلعی صدر افضل چیمہ نے واقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ قیادت واقعہ کو دیکھ رہی ہے نجی پروگرام کو انتظامیہ نے پی ٹی آئی کا پروگرام کا الزام لگا کر اوورسیز پاکستانی کے ذاتی پروگرام کو پولیس نے سبوتاژ کیا  اور پولیس گردی کی گئی ہے، چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے ایسے ہتھکنڈے تحریک انصاف کے پر عزم جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، پولیس نے واقعہ بارے میڈیا کو کسی بھی قسم کا موقف دینے سے انکار کر دیا جبکہ پولیس نے پکڑے گئے افراد کو شورٹی بانڈز لینے کے بعد چھوڑ دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وزیر آباد رانا خلیل احمد خاں ایڈووکیٹ تھانہ سٹی پہنچ گئے اور پروگرام کے بارے پولیس کو وضاحت بھی پیش کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن