اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) پاک بحریہ کے جنگی جہاز یرموک نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے دوران بحرین کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بحرین کی بندرگاہ میناء سلمان پہنچنے پر بحرین بحریہ اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلی حکام نے جہاز کا استقبال کیا۔ کمانڈنگ آفیسر پی این ایس یرموک نے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس، کمانڈر رائل بحرین کوسٹ گارڈز اور بحرین بحریہ کے دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ کمانڈنگ آفیسر نے کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا اور ڈپٹی کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ کے دوران پاکستانی سفیر، کمانڈر میری ٹائم کولیشن فورسز، بحرین نیوی کے حکام، ممتاز کاروباری شخصیات، پاکستانی کمیونٹی اور دوست ممالک کے سفارتی حکام کی بڑی تعداد نے پی این ایس یرموک کا دورہ کیا۔ دورہ کے اختتام پر پی این ایس یرموک نے پہلے بحرین بحریہ کے جنگی جہاز المنامہ، امریکی بحری جنگی جہاز ڈینئیل انوائے (DANIEL INOUYE) اور جاپان کے جنگی بحری جہاز جے ایس (JS SAMIDARE) کے ساتھ؛ دو طرفہ بحری مشقوں میں حصہ لیا۔ ان مشقوں کا مقصد بحری افواج کے ساتھ ہم آہنگی، باہمی تعلقات کو فروغ دینا اور خطے میں مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان بحریہ سمندر میں قومی اور بین الاقوامی سمندری راستوں اور تجارتی گزرگاہوں کی نگرانی کے لیے مستقل موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان بحریہ عالمی بحری تجارتی گزرگاہوں کی حفاظت, بحری قزاقی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف آپریشنز میں بحر ہند کے علاقے میں تعینات ہے۔