جلاؤ گھیراؤ کیس: شاہ محمود دیگر نے فردِ جرم چیلنج کر دی

لاہور (خبر نگار) لاہور کوٹ لکھپت جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ جیل ٹرائل کی سماعت 10 اگست تک ملتوی ہو گئی۔ انسداد دہشت گردی کے جج خالد ارشد نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی جبکہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے مقدمہ میں فرد جرم کو چیلنج کر دیا۔ ملزموں کی جانب سے برہان معظم ملک نے درخواست دائر کی۔ وکیل ملزمان کا موقف تھا کہ ہمیں یہ بتایا جائے ہم پر الزامات کیا ہیں، دو پولیس اہکاروں کے بیان پر پنجاب میں 45 مقدمات درج ہوئے۔ جن اہلکاروں کے بیان پر مقدمات درج ہوئے، ان کو طلب کیا جائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں پولیس اہکاروں کو طلب کر لیا۔ گزشتہ روز مقدمہ میں ضمانت حاصل کرنے والے ملزم کوٹ لکھپت جیل میں پیش ہوئے۔ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی۔ پولیس نے کیس میں نئے ملزموں کا ضمنی چالان بھی پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن