لاہور (سپورٹس رپورٹر) بھارتی ریسلر انتم پنگھل اور ان کی ٹیم کو پیرس سے ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریسلرانتم پنگھل کی بہن نشا ان کا ایکریڈیٹیشن کارڈ (اجازت نامہ)استعمال کرتے ہوئے پکڑی گئیں۔ انتم اپنا کچھ سامان اولمپکس ولیج میں بھول گئی تھیں جس کے بعد انتم نے اپنی بہن کو سامان واپس لانے کیلئے گیمز ولیج بھیجا جہاں انتم کی بہن کوگیمز ولیج سے سامان واپس لاتے ہوئے سکیورٹی آفیسر نے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کا بتانا ہے کہ فرانسیسی حکام کی نشاندہی پر انتم اور ان کے سٹاف کو واپس بھیجنے کا فیصلہ ہوا۔ ڈسپلنری خلاف ورزی کرنے پر ریسلر اور ان کی ٹیم کو ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے۔ اتھلیٹ کا اپنا ایکریڈیشن کارڈ کسی کو دینا ڈسپلن کی ایک بڑی خلاف ورزی ہے۔ بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ڈسپلنری خلاف ورزی پر کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آئی او اے نے ڈسپلنری خلاف ورزی کی وضاحت نہیں کی، انتم کی بہن ہوٹل بھی گئی جہاں ریسلنگ ٹیم کے کچھ ارکان تھے، انتم کی بہن کو گیمز ولیج سے سامان لانے کا کہا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واپسی پر پکڑے جانے پر انہیں پولیس سٹیشن لے جایا گیا جبکہ انڈر 20 ورلڈ چیمپئن انتم پنگھل کو پولیس نے بیان ریکارڈ کرانے کیلئے بلایا، انتم کے ذاتی سپورٹ سٹاف نے بھی ایک مرتبہ ٹیکسی ڈرائیور کو ادائیگی نہیں کی تھی جس پر ڈرائیور نے پولیس بلا لی تھی۔
اولمپکس‘قواعد کی خلاف ورزی، بھارتی خاتون ریسلر‘ سٹاف کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ
Aug 09, 2024