پی ٹی آئی کی یوم آزادی پر لبرٹی چوک میں کیک کاٹنے کی درخواست، ڈپٹی کمشنر کو نوٹس جاری 

Aug 09, 2024

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کو لاہور میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایات لے کر پیش ہونے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔ جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا پی ٹی آئی کے حوالے سے مختلف رویہ ہے، جماعت اسلامی کے حوالے سے مختلف۔ جماعت اسلامی کا دھرنا چل رہا ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ٹی آئی کے علاوہ دو اور سیاسی جماعتوں کے جلسے کی درخواستیں خارج کی گئیں۔ جماعت اسلامی بغیر اجازت کے یہ سب کچھ کر رہی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اگر ایسا ہے تو آپ نے ان کے خلاف کیا ایکشن لیا؟۔  سرکاری وکیل کا موقف تھا کہ مجھے اس کی معلومات نہیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا جب سیاسی سرگرمی ہوتی ہیں، تو دہشتگردی کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو کس بات کا خطرہ ہے، حکومت آپ کی ہے، مضبوط حکومت ہے، کیا پی ٹی آئی والے چلڈرن آف لیسر گوڈ ہیں، مجھے سمجھ نہیں آتی۔  عدالت نے سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔ لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں یوم آزادی کا کیک کاٹنے کی تقریب کی اجازت کیلئے درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو نوٹس جاری کر دیئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر افضال عظیم پاہٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار کی وکیل ربیعہ باجوہ نے دلائل دیے کہ 14 اگست ایک قومی دن ہے اور اسی دن کی نسبت سے لبرٹی چوک لاہور میں تحریک انصاف 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب کیک کاٹنے کی تقریب کرنا چاہتی ہے۔ وکیل نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی لیکن تقریب کی اجازت نہیں دی گئی۔ پنجاب حکومت کے وکیل خواجہ محسن نے درخواست کی مخالفت کی اور اسے مسترد کرنے کی استدعا کی۔ درخواست پر مزید کارروائی 12 اگست کو ہوگی۔

مزیدخبریں