کراچی (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری، بجلی، گیس کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، اب شرافت کے ساتھ شاہراہ فیصل، ایم اے جناح روڈ پر اسمبلی سجائیں گے۔ سیاسی موسم سرد گرم ہوتا رہتا ہے۔ لوڈشیڈنگ کا عذاب لوگ برداشت کر رہے ہیں، ہر چیز خریدنے پر ہم ٹیکس دیتے ہیں، انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس کے بعد بھی بھتہ لیا جاتا ہے۔ موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔ کراچی دنیا کے حوالے سے مختلف شہر ہے، بلدیاتی الیکشن میں فیلڈ چھیننے پر ہم نے بائیکاٹ کیا تھا، ملک میں معاشی بحران ہے، کراچی چلتا ہے تو اسلام آباد، پنڈی بھی چلتا ہے۔ اب ون وے ٹریفک نہیں چلنی چاہئے۔ حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت اپنی جگہ لیکن کیا ہم نے بھنگ، ستو پی لیے ہیں۔ آزاد کشمیر والوں نے سیدھی انگلی سے گھی نہ نکلا تو انگلی ٹیڑھی کی۔ کراچی شہر 70 فیصد ٹیکس دیتا ہے، ہمارا حق دیں، اگر ایسا نہیں ہوتا تو ہیٹ ویو اور تمہاری طاقت کا بھی مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 15 سال میں شہریوں کو پانی نہیں دیا، کراچی کو عہد حاضر کا کر بلا بنا دیا ہے۔ جعلی ڈومیسائل پر نوکریاں دی گئیں۔