اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)آل پاکستان واپڈا ہائیڈو الیکٹرک ورکرز یونین کینٹ سرکل کے زونل چیرمین ملک قمر فاروق کلیامی' ڈویزنل چیئرمین کینٹ ڈویژن آئسیکو راولپنڈی سرکل راجہ سلیم کامران اور سینئر وائس چیئرمین ملک لیاقت علی خا ن سینئر وائس چیئرمین کینٹ سرکل راولپنڈی نے واپڈا کی جانب سے آئیسکو ملازمین کے بچوں کو نامور تعلیمی اداروں میں فیس کی صورت میں دی جانے والی رعایت کو حقائق سے برعکس قرار دے کر فیس شیڈول پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔ مزدور دوست رہنماوں کا کہنا تھا کہ وزارت پانی و بجلی اور توانائی کے نوٹیفکیشن کی آڑ میں واپڈا کی ''اشرافیہ'' نے اپنے لئے رعائیت کے دروازے کھو لے ہیں۔ ملک قمر فاروق کلیامی نے بتایا کہ نوٹیفکیشن میں ملک گیر ایجوکیشن سسٹم کے حامل تعلیمی ادارے میں ہاف فیس کی خوشخبری سنائی گئی ، بیکن ہاسز جیسے سکولز کی ابتدائی کلاسز میں چالیس ہزار روپے ماہانہ فیس دینا پڑتی ہے۔ راجہ کامران سلیم اور ملک لیاقت کا کہنا تھا کہ اس رعایت سے صرف آفیسران کے بچوں کو فائدہ پہنچے گا جبکہ آئیسکو کے ون سے سولہ گریڈ کے ملازم اس سہولت سے استفادہ نہیں کرسکیں گے۔ لیبر لیڈروں نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور ایم ڈی پی پی ایم سی سے مطالبہ کیا کہ وہ مقررہ کردہ سکولز سسٹم کی بجائے تمام زیر تعلیم بچوں کی فیس سمیت تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کریںتو سب ورکزز کا فائدہ ہوگا۔